بنگلورو،11؍اگست (ایس او نیوز) ہندوستان چھوڑو تحریک کی سالگرہ اور آزادی کا امرت مہوتسوا کے پیش نظر ریاستی گورنر تھاور چند گہلوٹ نے بنگلور میں موجود تین مجاہدین جدوجہد آزادی کے گھر پہنچ کر انہیں تہنیت پیش کی۔ جے پی نگر فورتھ فیس کے آشریہ اپارٹمنٹ میں بسنے والے مجاہد آزادی آر نارائنپا کے گھر کا دورہ کرکے گورنر نے انہیں مٹھائی کھلائی اور سند پیش کی اس موقع پر ریاستی وزیر برائے محصولات آر اشوک موجود رہے۔ بعد میں بنشنکری تھرڈ اسٹیج میں بسنے والے مجاہد آزادی شنکر نارائن راؤ کے گھر کا دورہ کرکے تہنیت پیش کی جس کے بعد گورنر نے ملیشورم میں بسنے والے ناگ بھوشن کے گھرکا دورہ کرکے انہیں تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ مجاہدین جدوجہد آزادی کو یاد کرکے انہیں تہنیت پیش کرنا ہر ایک کا فرض ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر سی این اشوتھ نارائن ڈپٹی کمشنر سرینواس ودیگر حاضر رہے۔